تیسری بین الاقوامی فقہی کانفرنس

معاصر فتاویٰ میں منہجِ استحسان کا احیاء: فقہِ حنفی کے تراث کی روشنی میں ایک اصولی و تطبیقی مطالعہ

تاريخ: 18 اپریل 2027

استحسان فقہِ اسلامی کے اہم اصولی مباحث میں سے ایک ہے، جو اسلامی فقہ کی وسعت، لچک اور بدلتے ہوئے حالات و واقعات کے تقاضوں کو ملحوظ رکھنے کی صلاحیت کو نمایاں کرتا ہے۔ بالخصوص فقہِ حنفی میں اس اصول کو متعدد فقہی مسائل کے حل اور ان کے احکام کے تعین میں نمایاں طور پر بروئے کار لایا گیا ہے۔ استحسان کی بنیاد یہ ہے کہ کسی مسئلے میں ظاہر قیاس، اصلِ باب یا عمومی قاعدے کے تقاضے کو چھوڑ کر کسی دوسرے حکم کو اختیار کیا جائے، بشرطیکہ اس کے لیے کوئی معتبر شرعی دلیل یا جواز موجود ہو، مثلاً نص، اجماع، ضرورت، حاجت، عرف یا کوئی دیگر معتبر شرعی اعتبار۔ اس کا مقصد مشقت اور تنگی کو دور کرنا، مصلحت کا حصول اور شریعت کے مقاصد کی رعایت کرنا ہے۔
اسی اہمیت کے پیشِ نظر تیسری بین الاقوامی فقہی کانفرنس کا انعقاد اس عنوان کے تحت کیا جا رہا ہے: “معاصر فتاویٰ میں منہجِ استحسان کا احیاء: فقہِ حنفی کے تراث کی روشنی میں ایک اصولی و تطبیقی مطالعہ”، اس کانفرنس کا مقصد استحسان کی حقیقت، اس کی حجیت، اقسام اور ضوابط کا علمی جائزہ لینا، نیز فقہِ حنفی کے علمی و فقہی ذخیرے کی روشنی میں اس کی مختلف مثالوں اور عملی تطبیقات کا استقراء کرنا ہے۔ اس میں ان فقہی مسائل کو بھی زیرِ بحث لایا جائے گا جن میں کسی معتبر شرعی جواز کی بنیاد پر ظاہر قیاس یا اصلِ باب کے تقاضے سے عدول کیا گیا ہو، خواہ فقہاء نے اس مقام پر صراحتاً لفظِ استحسان استعمال کیا ہو یا نہ کیا ہو۔
کانفرنس کا ایک اہم مقصد ان فقہی تطبیقات کا تجزیہ و تصنیف، ان کے اصولی مستندات کی نشان دہی اور ان ضوابط و معیارات کی وضاحت کرنا ہے جنہیں فقہاء نے ظاہر قیاس یا اصلِ باب کے تقاضے سے ہٹ کر کسی دوسرے حکم کو اختیار کرنے میں ملحوظ رکھا ہے، جبکہ اس عدول کی بنیاد کوئی معتبر شرعی موجب ہو۔
مزید برآں، کانفرنس معاصر اجتہاد اور افتاء میں منہجِ استحسان کو ازسرِنو مؤثر بنانے اور اس کے اصول و ضوابط سے استفادہ کرتے ہوئے جدید پیش آمدہ مسائل کے حل اور ان کے صحیح فقہی محل و مناط کے تعین کی راہیں تلاش کرے گی؛ تاکہ قیاس یا مذہب کے مقررہ اصولوں پر غیر لچک دار جمود شریعت کے مقاصد کے حصول میں رکاوٹ نہ بنے اور معتبر مصالح نظرانداز نہ ہوں۔ اس طرح ایک ایسے منہجِ افتاء کی تشکیل مقصود ہے جو شرعی دلائل کی پابندی اور اجتہادی وسعت کے درمیان توازن قائم کرے اور معاصر و مستقبل کے مسائل کے حل میں انفرادی اور اجتماعی اجتہاد کو فروغ دے

دوسری بین الاقوامی فقہی کانفرنس

اجتہاد و تقلید کی راہ میں جمود اور بے اعتدالی سے اجتناب: متوازن فقہی نقطۂ نظر

تاريخ: 12 اپریل 2026

دوسری بین الاقوامی فقہی کانفرنس بعنوان: “اجتہاد و تقلید کی راہ میں جمود اور بے اعتدالی سے اجتناب: متوازن فقہی نقطۂ نظر” المجلس الفقهي للتحقيق والإفتاء کے زیر انتظام منعقد ہو رہی ہے تاکہ اسلامی فقہ میں اجتہاد اور تقلید کے مسائل پر جامع اور مدبرانہ گفتگو ممکن ہو سکے۔
کانفرنس کا مقصد شرعی اصولوں اور عصری تقاضوں کے درمیان توازن قائم کرنا ہے۔ اس میں اجتہاد کی درجات، مذاہب کے اندر اجتہاد کی حدود اور اختلافات پر تفصیلی غور کرنا ہے ۔
کانفرنس میں عوام اور منتسب مجتہد کے لیے تقلید کی حدود، دیگر مذاہب کے اقوال سے استفادہ کی مشروعیت، اور جدید مسائل سے نمٹنے کے ضوابط بھی زیرِ بحث آئیں گے۔ اس کے علاوہ، اجتماعی اجتہاد، عالمی فقہی مجامع، اور فقہی تحقیق و اجتہاد میں مصنوعی ذہانت کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جائے گی

پہلی بین الاقوامی فقہی کانفرنس

عرف بطورِ شرعی ماخذ: اصولی و تحقیقی مباحث

تاريخ: 11 مئی 2025

دار العلوم محی الاسلام صدیقیہ پنڈوڑہ ہردو گزشتہ 25 سالوں سے دینِ متین کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ اسی تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے 22 اکتوبر 2023 کو استاذ العلماء قبلہ مفتی شیر محمد خان صاحب صدر دار الافتاء و دار العلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف کی زیرِ سرپرستی ایک فقہی مجلس کا اہتمام کیا گیا، جس میں معاصر فقہی مسائل کے مشترکہ حل کے لئے ایک تحقیقی ادارہ «المجلس الفقہی للتحقیق والإفتاء» کا قیام عمل میں لایا گیا۔
مذکورہ ادارہ اپنے اسی مقصد کے حصول کے لئے مورخہ 11 مئی 2025 بروز اتوار کو اپنی پہلی ایک روزہ بین الاقوامی فقہی کانفرنس بعنوان «عرف بطورِ شرعی ماخذ: اصولی و تحقیقی مباحث» منعقد کرنے جا رہا ہے۔ جس میں مفتیانِ کرام، پی ایچ ڈی سکالرز اور جامعات کے متخصصین کو اپنے تحقیقی مقالات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اس کانفرنس کے موضوعات کے تمام محاور «عرف بطورِ ماخذِ شرعی» جیسے اہم اصولی مسند پر مشتمل ہیں۔

arArabic